دوستی ایک پائیدار رشتہ ہے، جو انسان کو حوصلہ، ہمت اور طاقت دیتا ہے۔ قرآن ہمیں اس بات کی تلقین کرتا ہے کہ ہم اپنے دوستوں کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں، اور ایسی دوستی اختیار کریں جس کی بنیاد ایمان اور نیکی پر ہو۔ یہ ایک ایسا رشتہ ہے جس میں جڑے لوگ ایک دوسرے کی مدد ، دلجوئی اور ہمدردی کے لیے اچھے برے ہر قسم کے وقت کے ساتھی ہوتے ہیں۔ سچی دوستی وقت اور قربانی مانگتی ہے ۔ دوستیاں انسان کی روحانی، ذہنی اور جسمانی صحت کے لئے ازبس ضروری ہیں ۔
قرآن جہاں دوست بنانے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے وہیں اس کے خطرات سے بھی آگاہ کرتا ہے۔ قرانی نصیحت ہے کہ اپنی صحبت کا دھیان رکھیں اور ایسی دوستی سے بچیں جو گناہ یا خسارے کی طرف لے جائے۔
اللہ بہترین دوست ہے
قرآن میں ہے کہ ” اللہ بہترین دوست ہے ۔ لفظ “ولی” کا مطلب ہے محافظ، قریب ترین، اور دوست۔ قرانی تصور دوستی ایک گہرا روحانی تعلق ہے، جس میں اللہ اپنے ان نیک بندوں کی حفاظت، رہنمائی، اور مدد کرتا ہے جو اس کے رسول کی پیروی کرتے ہیں اور اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں۔ قرآن کہتا ہے، “اللہ ایمان والوں کا دوست ہے، اور انہیں اندھیروں سے روشنی کی طرف نکال لے جاتا ہے۔ اور کفار کے دوست معبودان باطل ہیں جو انہیں روشنی سے اندھیروں کی طرف لے جاتے ہیں۔ یہ لوگ آگ کا ایندھن ہیں، اور ہمیشہ وہیں رہیں گے۔” (البقرہ 2:257)
اس آیت کے مطابق اللہ مومنوں کا مددگار اور دوست ہے، جو انہیں جہالت سے نکال کر اسلام کی روشنی میں لاتا ہے۔
سچے دوست کی پانچ نشانیاں
* اعتماد اور وفاداری: سچا دوست بھروسے کے لائق ہوتا ہے، جس پر آپ ہر حال میں اعتماد کر سکتے ہیں۔
* معاملہ فہم اور مددگار : اچھا دوست مشکل وقت کا ہمدرد ہوتا ہے ،مصیبت میں ساتھ دیتا ہے ۔ اس کے وجود سے آپ کو اطمئنان رہتا ہے اور مسئلہ کے حل تک آپ کے ساتھ کھڑا رہتا ہے ۔
* باعزت اور مخلص : وہ آپ کی شخصیت میں تنوع کو قبول کرتا ہے اور آپ کی ہر صورت میں مدد کرتا ہے ، آپ کی وجود اور فکر کی نیرنگی جانتا ہے اور اس کی قدر کرتا ہے ۔
* درگزر کرنے والا : وہ غلطی اور کوتاہی کو عام نہیں کرتا بلکہ دوست کی خطا کو معاف کرتا ہے اور تنازعات کو حل کرنے کی سعی کرتا ہے ، اسے اس چیز کا ادراک ہوتا ہے کہ کوئی انسان بھی اس جہان میں کامل نہیں ہوتا۔
* زندگی بھر کا تعلق نبھانے والا: سچی دوستی وقت کی آزمائش پر پورا اترتی ہے، اور زندگی کے اتار چڑھاؤ کے باوجود برقرار رہتی ہے۔
نبی ﷺ کے دوست
نبی کریم ﷺ کے صحابہ آپ کے قریبی ترین دوست تھے، بعض آپ کے ساتھ پانچ وقت کی نماز پڑھتے تھے اور آپ کی صحبت میں رہتے ، تعلیم حاصل کرتے اور پیش آمدہ جملہ معاشرتی سرگرمیوں میں شامل ہوتے تھے۔ جو صحابہ مدینہ سے باہر رہتے تھے وہ ہر جمعہ کو آپ سے ملنے آتے تھے۔ نبی کریم ﷺ کے چار مشہور صحابہ حضرت ابوبکر، حضرت عمر، حضرت عثمان، اور حضرت علی رضی اللہ عنہم کو “چار یار” کہا جاتا ہے، جو انکی ایک دوسرے کے ساتھ گہری دوستی پر غماز ہے۔
اللہ کے دوستوں کی فتح اور غیبی مدد
ایک سچا دوست ہمیشہ اپنے دوستوں کا اسی طرح ساتھ دیتا ہے جیسے اللہ اپنے دوستوں کا بروز قیامت ساتھ دے گا۔ “وہ اپنے رب کے امن و سلامتی کے گھر میں ہوں گے ، اور اللہ ان کا محافظ دوست ہوگا کیونکہ وہ نیک عمل کرتے تھے۔” (الانعام 6:127)
یہ آیت اللہ کی طرف سے تسلی اور ایفائے عہد کو ظاہر کرتی ہے، جو وہ اپنے دوستوں کو دائمی امن و سکون کے طور پر عطا کرےگا۔
دوستوں کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں!
قرآن ہمیں دوستوں کے انتخاب میں احتیاط کرنے کا مشورہ دیتا ہے، اور ان لوگوں سے بچنے کی تلقین کرتا ہے جو ہمیں اللہ کے راستے سے دور لے جائیں۔ “تم مسلمانوں کو ان لوگوں سے دوستی کرتے ہوئے نہیں پاؤ گے جو اللہ اور اس کے رسول کے مخالف ہیں، چاہے وہ ان کے والدین، بیٹے، بھائی، یا قریبی رشتہ دار ہی کیوں نہ ہوں۔” (المجادلہ 18:22)
نتیجہ
دوستیاں صرف سماجی رشتے نہیں ہوتیں بلکہ روحانی تعلقات بھی ہوتی ہیں جو ہمارے ایمان اور زندگی پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ قرآن ہمیں ایسے دوستوں کی تلاش کی تلقین کرتا ہے جو ہمیں بہتر بنائیں اور ہمارے روحانی سفر میں مددگار ہوں۔